ٹیچر ڈے پر بعض عناصر سڑکوں پر انتشار پھیلا رہے، احسن اقبال
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ اساتذہ قوم کے نوجوانوں کو مستقبل کیلئے تیار کر رہے ہیں، تمام اساتذہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔
افسوس ہے کہ آج جب ہمیں اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے تھا بعض عناصر سڑکوں پر انتشار پھیلا رہے ہیں۔ شرپسند عناصر چاہتے ہیں ایس سی او اجلاس متاثر ہو اور ملک میں انتشار پھیلے۔ ہفتہ کو اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات میں عالمی ٹیچرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ارسطو کا قول ہے ’’والدین اولاد کو دنیا میں لاتے ہیں لیکن استاد انہیں زندگی گزارنا سکھاتے ہیں‘‘ اساتذہ کا مشن ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے نہ کہ ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی، 2025تک پاکستان کو دنیا کی 25بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کا خواب کچھ لوگوں کیلئے مذاق تھا، ایک ایٹمی ملک کی ذمہ داری ایک ایسے شخص کو سونپ دی گئی جس نے کبھی یونین کونسل بھی نہیں چلائی۔ رٹا سسٹم ختم کرکے تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہوگا، انہوں نے کہا کہ فلسطین اور لبنان میں مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ ہم سب متحد ہو جائیں۔