آئی بی سی سی کا اجلاس ، امتحا نات مارچ ،اپریل میں لینے کا فیصلہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کا 180 واں اجلاس گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں میں منعقد ہوا جس کی صدارت جنید اخلاق نیشنل کوآرڈینیٹر آئی بی سی سی فورم چیئرمین وفاقی بورڈ نے کی ۔
اجلاس میں پاکستان کی تعلیمی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اہم امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال اور ماڈل اسیسمنٹ فریم ورک پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ ڈیجیٹل کوئسچن آئٹم بینک کے قیام کی منظوری دی گئی، جو ایم اے ایف کے تحت امتحانات کو ہم آہنگ کرے گا۔ یتیم طلبا کو تعلیمی فیسوں میں چھوٹ دینے کی منظوری بھی دی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امتحانات کا شیڈول یکساں ہو گا جس کے مطابق مارچ اپریل میں امتحانات شروع ہوں گے اور جون جولائی میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔