جہلم شہر کے اہم مسائل جلد حل کیے جا ئیں گے ، بلال اظہر کیانی
اسلام آباد، جہلم (نامہ نگار،اے پی پی) جہلم شہر کے اہم مسائل جلد حل کیے جا ئیں گے ۔ یہ بات ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں کہی۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات خاص طور پر سوہاوہ ٹی ایچ کیو میں ڈائیلسز یونٹ کے قیام پر بریفنگ دی گئی ۔ بلال کیانی نے کہا کہ پنجاب حکومت بنیادی مسائل کے حل کے لیے متحرک ہے ، سرکاری محکموں کے مسائل حل ہونے سے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی پراپرٹی کے کرایہ جات کی ریکوری پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ بند دکانات بارے حکومت پنجاب کے قانون اور تاجروں کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے ، سوہاوہ ٹی ایچ کیو میں طبی مشینری اور بلڈنگ کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے ۔ ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ سوہاوہ میں ڈائیلسز یونٹ کا قیام اہل علاقہ کی بنیادی ضرورت ہے جس پر جلد کام شروع ہو جائے گا ۔ دریں اثنان لیگ کے رہنما اور جہلم سے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وطن پر قربان ہونے والے شہید قوم کے اصل ہیروز ہیں۔ انہوں نے جہلم کے نواحی گاؤں \'کھائی کلیہ\' میں حوالدار حسن شہزاد شہید کی قبر پر ان کے والد صوبیدار (ر) عبدالغفور کے ہمراہ حاضری دی، پھول چڑھائے اورشہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔