فرید ٹاؤن میں سیوریج پائپ ڈالنے کا کام جاری :پسپ منیجر
ساہیوال( سٹی رپورٹر) پسپ پروگرام کے تحت فرید ٹاؤن میں 24انچ قطر کی سیوریج پائپ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے جو توقع ہے کہ اس ہفتے کے آخر تک اسے مکمل کر لیا جائے گا۔
اس سے پہلے 27انچ اور 30انچ قطر کے پائپ ڈالنے کا کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ یہ بات پسپ پروگرام کے سٹی منیجر محمد اسجد خان نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقدہ مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اﷲ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ کالج روڈ اور فرید ٹاؤن روڈ پر ازسر نو تعمیر پر کام بھی تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ15روز میں دونوں سڑکوں پر اسفالٹ کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کنعان پارک میں سیوریج لائن ڈالنے کے بعد اس کی مکمل بحالی کی ہدایت کی تاکہ پارک کو اس کی اصل شکل میں دوبارہ لایا جا سکے ۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن میں بلڈنگ برانچ کے لئے ریکارڈ روم کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ شہریوں کا تمام ریکارڈ محفوظ بنانے کے لئے کمپیوٹرائزیشن کا جاری کام بھی جلد مکمل کیا جائے ۔