کامسٹیک کا صومالیہ میں نیشنل کوآرڈینیشن آفس قیام کا فیصلہ

کامسٹیک کا صومالیہ میں نیشنل کوآرڈینیشن آفس قیام کا فیصلہ

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میں وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے ناظم الامور شیروا عبداللہ ابراہیم نے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر اقبال چودھری سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور جاری پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں جانب سے طے کیا گیا کہ صومالیہ میں کامسٹیک نیشنل کوآرڈینیشن آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے تحت صومالیہ کیلئے جاری سرگرمیوں کو پرکھا جائے گا اور ہر سال تین ماہ کیلئے کامسٹیک اپنا ایک افسر بھیجے گا جو صومالیہ میں کامسٹیک کے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی کے پروگراموں کی نگرانی اور تعاون کو مضبوط کرے گا، صومالیہ بھی اپنا خصوصی نمائندہ ڈیپوٹیشن پر کامسٹیک سیکرٹریٹ میں تعینات کرے گا جو کامسٹیک اور صومالیہ کے مابین جاری منصوبوں کی نگرانی کرے گا۔ ملاقات میں پاکستان اور صومالیہ کی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈاکٹر اقبال چودھری نے صومالیہ کی سائنس، ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم میں آگے بڑھنے کی کوششوں میں مدد کرنے کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں