ڈھوک نجو میں 20روز سے سوئی گیس بند، لوگ سراپا احتجاج
راولپنڈی(دنیا رپورٹ)ڈھوک نجو میں مسلسل بیس دنوں سے سوئی گیس کی بندش پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے، مسلسل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گھریلو اور کاروباری صارفین شدید متاثر ہو رہے اور انہیں شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا۔
شہریوں کا کہنا ہے کھانے پینے کی اشیاء بازار سے لانے پر مجبور ہیں، کئی بار محکمہ سوئی گیس کو شکایت کی مگر شنوائی نہیں ہو رہی۔ دوسری جانب ایل پی جی کے دکانداروں نے لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مشکلات مزید بڑھا دیں اور سلنڈر کی قیمت میں دوگنا اضافہ کر دیا لیکن انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا گیس ناپید ہے لیکن گیس کا بل بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے دادرسی کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیس بحال اور ایل پی جی دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔