ایروپونکس سے آلو کے بیج کی پیداوار بڑھے گی ،چیئرمین پی اے آر سی
اسلام آباد(نامہ نگار)ایروپونکس تکنیک سے آلو کے بیج کی پیداوار میں اضا فہ ہوگا، پاکستان اور کوریا کی شراکت داری کابنیادی مقصد ایروپونکس تکنیک کے ذریعے آلو کے بیج کی پیداوار میں خود کفالت ہے۔
گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں آلو کے تصدیق شدہ بیج کی پیداوار سے متعلق تین روزہ تربیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آلو کی روایتی کاشت سے فی پودا صرف پانچ ٹیوبر نکلتے ہیں جبکہ ایروپونک سسٹم فی پودا 50 سے 60 کے درمیان ٹیوبرپیدا کر سکتا ہے ، پاکستان میں تقریباً 850,000 ایکڑ رقبے پر آلوکی کاشت کی جاتی ہے جبکہ پاکستان مقامی طور پر تیار کیے جانے والے بیجوں کی کوالٹی معیاری نہ ہونے کی وجہ سے سالانہ 6,000 سے 12,000 ٹن بیج آلو کی درآمد پر زیادہ انحصار کرتا ہے ۔ یہ انحصار ملکی معیشت پر مالی دباؤڈالتا ہے ۔ ڈاکٹر علی نے پاکستان کے زرعی شعبے میں مالی اور تکنیکی تعاون پر جمہوریہ کوریا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ کوپیا پاکستان سینٹر (KOPIA) کے ڈائریکٹر ڈاکٹرچو گیونگ رائے نے پروڈکشن سائیکل کے پانچویں سال سے شروع ہونے والے سالانہ 160,000 ٹن تصدیق شدہ آلو کے بیج کی فراہمی کے منصوبے کے مقصدپر روشنی ڈالی۔ پراجیکٹ انچارج ڈاکٹر کاظم علی نے پراجیکٹ کے اہداف اور کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔