انسداد تجاوزات ہفتہ منانے کا اعلان ، ایکشن پلان طلب

انسداد تجاوزات ہفتہ منانے کا اعلان ، ایکشن پلان طلب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات کی روشنی میں آئندہ ہفتہ کو بطور انسداد تجاوزات مہم منانے کا اعلان کرتے ہوئے چاروں ڈپٹی کمشنروں سے قابل عمل ایکشن پلان طلب کر لیا۔۔۔

اور انہوں نے تمام چھوٹے بڑے بازاروں اہم شاہرات اور ٹاؤنز میں پختہ و عارضی تجاوزات کو ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے چاروں اضلاع میں ہتھ ریڑھیوں کی تعداد بھی طلب کر لی یہ احکامات انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس میں جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات ہفتہ منانے کا مقصد کسی کا کاروبار خراب کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو ایک ڈسپلن فارم میں لانا ہے تاکہ بازاروں اور سڑکوں میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور نہ ہی کوئی راستہ بند ہو۔ انہوں نے ریڑھیوں کی رجسٹریشن کر کے نمبر الاٹ کرنے اور ضرورت کے مطابق ہر ضلع میں مزید یونیفارم ماڈل ریڑھی بازار بنانے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر نے بازاروں اور شاہرات پر انکروچمنٹ عملہ کی پٹرولنگ کا نظام وضح کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صبح سے شام تک سڑکوں بازاروں میں کاروائیاں نظر آنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں اور مصروف سٹرکوں پر پارکنگ کا بھی قابل عمل پلان مرتب کیا جائے ۔ ڈویژن بھر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے تمام اداروں کو ایک ٹیم کی صورت میں کام کرنا ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلی کے عوامی بہبود کے اقدامات پر ایک ہفتہ میں متعلقہ محکموں کی جانب سے پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ کو وزیراعلی پنجاب کی جانب سے اعلی کارکردگی پر نقد انعام ملنے پر مبارکباد دی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں