منیجنگ ڈائریکٹر کا او پی ایف کی ممبر شپ کو وسعت دینے کا اعلان

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)منیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانی فاؤ نڈیشن (او پی ایف) محمد افضال بھٹی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، تعلیم اور دیگر سہولیات میں بہتری کے لیے اہم اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ او پی ایف نے 273کیسز میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملازمت کے اختتامی واجبات کے طور پر 800ملین روپے کی وصولی ممکن بنائی ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے جلد حل کے لیے وزارت خارجہ کے ساتھ قریبی تعاون کیا جائے گا۔ بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتوں کی بروقت منتقلی کے لیے تمام بڑے ایئرپورٹس پر ایمبولینس سروس شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے او پی ایف ممبرشپ کو وسعت دینے کا اعلان کیا جس کے تحت یورپ، امر یکا اور برطانیہ کے NICOP ہولڈرز کو او پی ایف کی خدمات سے مستفید ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ ا نہوں نے او پی ایف کے تعلیمی اداروں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کے لیے سہولیات بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے او پی ایف کے اساتذہ کو برٹش کونسل کے ذریعے ویلیڈیٹڈ ماسٹر ٹرینرز بننے پر مبارکباد دی اور تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تدریسی نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی۔