میڈیا ٹاؤن و ملحقہ علاقوں کیلئے بھی الیکٹرک بس چلانیکا مطالبہ

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) اسلام آباد کے مختلف روٹس پر چلنے والی الیکٹرک بس کا روٹ میڈیا ٹاؤن و ملحقہ سوسائٹیوں تک بڑھایا جائے تاکہ یہاں کے ہزاروں رہائشی بھی اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔
میڈیا ٹائون سے اسلام آباد سیکرٹریٹ اور دیگر روٹس تک الیکٹرک بس چلانے کیلئے چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار میلاد سیرت کمیٹی میڈیا ٹائون کے صدر دیوان ذاکر سرور، جنرل سیکرٹری ناصر میر، سیکرٹری اطلاعات سید قیصر شاہ، عرفان ظفر قادری، خالد قریشی، نعیم چٹھہ، ملک راشد، عدیل ایوب اور دیگر معززین نے ایک مشاور تی اجلاس میں کیا، انہوں نے کہا میڈیا ٹائون، بحریہ ٹائون، پولیس فاؤنڈیشن، ڈاکٹرز ٹائون، پی ڈبلیو ڈی سے روزانہ ہزاروں طلبا و طالبات، ملازمین اسلام آباد و راولپنڈی کی جانب سفر کرتے ہیں، ایکسپریس وے پر اب کھنہ پل سے روات اور گولڑہ موڑ سے کھنہ پل تک الیکٹرک بس تو چلائی گئی ہے مگر میڈیا ٹائون و ملحقہ سوسائٹیوں کے مکینوں کیلئے کوئی سہولت دستیاب نہیں، معززین علاقہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چودھری سے مطالبہ کیا ہے مذکورہ آبادیوں کیلئے بھی الیکٹرک بس چلائی جائے۔