ایتھوپیا پاکستان کو اپنا ہمسایہ ملک سمجھتا ہے :ڈاکٹر جمال بیکر
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا ایتھوپیا پاکستان کو اپنا ہمسایہ ملک سمجھتا ہے ، دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات مستحکم ہوئے ہیں، ایتھوپیا افریقہ کا گیٹ وے ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایتھوپیا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مئی میں ادیس ابابا میں سنگل کنٹری ایگزیبیشن میں دوطرفہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ سفیرنے کاروباری افراد کو ایتھوپیا کے سرمایہ کار دوست ماحول، سستی اور صاف توانائی، اہم جغرافیائی محلِ وقوع، نوجوان ورک فورس سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے کہا اس فورم کا مقصد دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو فروغ دینا، نئے کاروباری مواقع تلاش کرنا اور باہمی تعلقات بہتر بنانا ہے ۔