شدید ژالہ باری، طوفان:اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے راولپنڈی میں آندھی، طوفان اور شدید ژالہ باری کے بعد فوری ایمرجنسی اجلاس بلایا اور تمام متعلقہ اداروں کو فوری الرٹ اور فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی خود امدادی ٹیموں کی نگرانی کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جاسکے۔ آندھی و طوفان سے گاڑیوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم جانی نقصان تاحال رپورٹ نہیں ہوا، ژالہ باری کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واسا کو نکاسی آب کا نظام ہر صورت فعال رکھنے کی ہدایت کی، نالہ لئی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ شہری احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ کمشنر نے جی پی او چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا جی پی او انڈر پاس کی تکمیل کا 65فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔