مودی نفسیاتی مریض، دنیا کا امن خطرے میں ڈال دیا:مظہر سعید
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے، خصوصی نامہ نگار) وزیر اطلاعات آزاد جموں و کشمیر مظہر سعید شاہ نے کہا مودی نفسیاتی مریض ہے جس نے اپنی حماقتوں اور جنونی پن کی وجہ سے دنیا کا امن خطرے میں ڈال دیا۔
مودی سرکار اور بھارتی میڈیا نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش کی، پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا امریکی صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیرحل کرنا چاہتے ہیں تو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرائیں، ہم افواج پاکستان کے شہداء کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک فضائیہ نے دشمن پر اپنی برتری واضح کی اور دنیا نے پاک فضائیہ کی برتری تسلیم کی۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کشمیر میں بھارتی جارحیت سے تیس بے گناہ اور معصوم شہری شہید ہوئے، لواحقین کو 10لاکھ روپے فی کس ادائیگی کی جاچکی ہے، زخمیوں اور عمارتوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔