فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ،15سو لیٹر مضرصحت دودھ تلف
مصطفی آباد،تلونڈی (نامہ نگار )محکمہ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے چھاپہ مارکر 12 سو 50 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کردیا اورخام مال ،آلات سمیت گاڑی کو قبضہ میں لے لیا ،جبکہ مصنوعی دودھ تیار کرنے والا شخص فرار ہوگیا۔
فوڈ سیفٹی آفیسر خرم شہزاد نے ٹیم کے ہمراہ سرہالی روڈ محلہ صادق آباد میں جعلی دودھ تیار کرنے والے فیضان نامی شخص کی حویلی میں چھاپہ مارکر گاڑی میں لوڈ دودھ کے بذریعہ موبائل لیب سیمپل چیک کیے ، اوربرآمد شدہ 12سو 50لیٹر غیر معیاری دودھ کو موقع پر تلف کر دیا ، فوڈ اتھارٹی ٹیم نے 15پر کال کرکے مقامی پولیس کو طلب کرلیا اور مصنوعی دودھ میں استعمال ہونے والے کیمیکلز ،غیرمعیار ی مِلک پوڈر، تین ڈرم اور گاڑی کو ضبط کرلیا ،جبکہ فیضان موقع سے فرار ہوگیا ،پولیس نے مذکورہ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے تلونڈی میں جعلی دودھ تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا۔ دورانِ چیکنگ ملزم عامر سہیل کو زہریلا دودھ بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔کارروائی میں 2,500 لیٹر مضرِ صحت دودھ موقع پر تلف کیا گیا، جبکہ جعلی دودھ کی تیاری میں استعمال ہونے والا سازوسامان، مشینری اور سپلائی میں استعمال ہونے والی گاڑی کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان پانی میں پاؤڈر، کیمیکل اور گھی ملا کر سفید اور گاڑھا محلول تیار کرتے تھے ، جسے دودھ کے نام پر لاہور سپلائی کیا جاتا تھا۔