سردار عبدالقیوم الحاق پاکستان کے زبردست حامی تھے،مقررین
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد عبدالقیوم خان نظریہ الحاق پاکستان کے زبردست حامی تھے۔۔۔
انہوں نے کشمیریوں میں پاکستان کے ساتھ وابستگی کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے کشمیر بنے گا پاکستان کا مضبوط نعرہ دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہارجموں و کشمیر لبریشن سیل اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سردار عبدالقیوم خان کی 10ویں برسی پر منعقدہ تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق، سینیٹر مشاہد حسین سید، عبداللہ گل، حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، شمیم شال، شیخ عبدالمتین، پیرزادہ محمد افسر خان،عبدالحمید لون، سردار عابد رزاق خان نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان، انچارج ڈیجیٹل میڈیا سردار نجیب الغفور خان،جموں و کشمیر کمیونٹی کے صدر غلام نبی بٹ، سردار محمد صدیق خان، لعل حسین راجپوت، اعجاز رحمانی، سردار عاصم عباسی اور دیگر بھی موجود تھے ۔راجہ ظفرالحق نے کہا مجاہد اول نے جمہوری اداروں کو فعال،مضبوط بنانے اور سیاست میں روا داری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ تحریک آزادی جموں و کشمیر کے لیے سردار عبدالقیوم خان کی جدوجہد کشمیر کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔