اسلام آباد کو جدید خوبصورت سیاحتی، ماحول دوست شہر بنایا جائیگا : چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد کو جدید خوبصورت سیاحتی، ماحول دوست شہر بنایا جائیگا : چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے گزشتہ روز پارک روڈ پر قائم سی ڈی اے ماڈل نرسری، سید پور ویلج اور میلوڈی فوڈ سٹریٹ کا دورہ کیا۔

باکو ٹیم کے آرکیٹیکٹ و ہارٹیکلچر ماہرین نے سی ڈی اے ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن، بحالی اور اسے گارڈینیا حب میں تبدیل کرنے سمیت سید پور ویلج اور میلوڈی فوڈ سٹریٹ منصوبے کے تحت ہونے والے اب تک کے کاموں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری کو \\\'گارڈینیا حب\\\' میں تبدیل کرنے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے ۔ نرسری میں منفرد اور جدید طرز کے کنٹرولڈ وینٹیلیٹڈ گرین ہاؤسز تعمیر کئے گئے ہیں ،ماڈل نرسری میں جدید ٹشو کلچر سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ چیئرمین نے کہا سی ڈی اے اسلام آباد کو ایک جدید، خوبصورت، سیاحتی اور ماحول دوست مثالی شہر بنانے کیلئے کو شاں ہے۔ گارڈینیا حب منصوبے کی تکمیل، سید پور ویلج، میلوڈی فوڈ سٹریٹ کی اپ لفٹنگ سے شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل نرسری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ نرسری کے طور پر بنایا جارہا ہے، نرسری میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو خصوصی ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ سی ڈی اے نرسری کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد اسلام آباد کو ہارٹیکلچر کے شعبے میں ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور خوبصورت فلاور شاپس کی تعمیر کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے، پھولوں کی نمائش کیلئے خصوصی جگہ مختص کی جائے، ایک ایپ بھی بنائی جائے جس کے ذریعے شہری کیش لیس ڈیجیٹل آن لائن ادائیگی کرکے اپنی پسند کے پودے گھر بیٹھے خرید سکیں گے۔ مزید برآں چیئرمین سی ڈی اے نے سید پور ماڈل ویلج کا دورہ کیا اور وہاں جاری اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے سید پور ویلج ایک بہترین سیاحتی مقام بن جائے گا ۔ انہوں نے سید پور ویلج کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں محمد علی رندھاوا نے میلوڈی فوڈ سٹریٹ کا بھی دوہ کیا اور وہاں جاری اپ لفٹنگ سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کام جلد مکمل کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں