سائیکلنگ جسمانی صحت میں بہتری،ٹریفک دباؤ آلودگی میں کمی کیلئے ناگزیرـ:چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ، ڈی ایم ای ایم سی آئی کے اشتراک سے اسلام آباد میں گزشتہ روز ایک شاندار سائیکلنگ مقابلہ منعقدکیا گیا
جس میں پیشہ ور سائیکلسٹس، شوقیہ سائیکل سواروں اور ہر عمر کے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا سائیکلنگ صحت مند، پائیدار اور جدید وفاقی دارالحکومت کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ نہ صرف جسمانی صحت کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے، آلودگی میں کمی اور غیر موٹرائزڈ ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی مددگار ہے۔ سائیکلنگ کو فروغ دے کر ہم شہریوں کی صحت اور اسلام آباد کی پائیداری میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ سی ڈی اے سائیکلنگ ٹریکس کی تعمیر، سائیکل سواروں کیلئے روڈ سیفٹی میں بہتری اور شہری منصوبہ بندی میں سائیکلنگ انفراسٹرکچر کے انضمام کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ اسلام آباد کو پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کا ماڈل شہر بنایا جائے گا، مقابلہ انعامات اور اسناد کی تقسیم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔