اقلیتی خواتین کی ترقی کیلئے کو شاں ہیں،این سی ایس ڈبلیو
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) قومی کمیشن برائے وقار نسواں (NCSW)نے نیشنل مائنارٹیز ڈے پر پاکستان کی اقلیتی برادریوں، خصوصاً محنتی، باہمت اور بصیرت رکھنے والی خواتین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو، ام لیلیٰ اظہر نے کہا کہ اقلیتی خواتین نے سماجی رکاوٹوں اور امتیازی رویوں کے باوجود تعلیم، صحت، سماجی خدمت، ہنر مندی، کاروبار اور قیادت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہم اقلیتی خواتین کی ترقی ، خود مختاری کیلئے کو شاں ہیں، اقلیتی خواتین نے گھریلو آمدنی میں اضافہ، صنعتوں میں مختلف شعبوں اور عہدوں پر اور عوامی اداروں میں خدمات دے کر ملک کی معیشت میں اہم حصہ ڈالا ہے۔ قومی کمیشن برائے وقار نسواں نے اقلیتی خواتین کیلئے شادی کے حقوق اور قانونی شناخت کو یقینی بنانے والے قوانین کی حمایت کی۔ ام لیلیٰ اظہر نے کہا ہم اقلیتی خواتین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔