معرکہ حق، یوم آزادی: اہم مقامات کی نگرانی، سکیورٹی ٹیمیں تعینات کی جائیں : چیئرمین سی ڈی اے

معرکہ حق، یوم آزادی: اہم مقامات کی نگرانی، سکیورٹی ٹیمیں تعینات کی جائیں : چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت معرکہ حق اور یوم آزادی شایانِ شان منانے کیلئے سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور ایم سی آئی و دیگر اداروں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

 چیئرمین سی ڈی اے نے کہا معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے دوران اہم مقامات کی نگرانی اور خصوصی سکیورٹی ٹیمیں تعینات کی جائیں، قوم ہر مشکل گھڑی میں متحد اور یک جان اور دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں ملانے کیلئے ہمیشہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ سی ای او پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ کی ملاقات میں اسلام آباد میں تخفیف غربت عملی منصوبہ کے آغاز کیلئے موثر ہم آہنگی پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے کو اجلاس میں بتایا گیا کہ معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرانے سمیت چراغاں، اہم شاہراہوں بشمول شاہراہ دستور، کلب روڈ، سری نگر ہائی وے، جناح ایونیو پر خوبصورت لائٹنگ، ڈیجیٹل سٹریمرز اور ایل ای ڈیز لگا دی گئی ہیں، وفاقی دارالحکومت کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا معرکہ حق اور یوم آزادی شایان شان منانے کا مقصد بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ محمد علی رندھاوا سے پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل نے ملاقات کی اور چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں سی ڈی اے کی اسلام آباد کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس مشن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں اداروں نے باہمی کوآرڈینیشن موثر بنانے پر اتفاق کیا تا کہ اسلام آباد شہر میں غربت کی تخفیف کیلئے عملی منصوبے کا آغاز کیا جاسکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں