عالمی یو تھ ڈے پر پی ایس ایف ،بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب

عالمی یو تھ ڈے پر پی ایس ایف ،بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (زیبسٹ یونیورسٹی اسلام آباد) اور شہید ذوالفقار علی بھٹو فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام عالمی یوتھ ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے نوجوانوں، سیاسی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد نوجوانوں کے کردار، درپیش چیلنجز اور ترقی کے مواقع پر روشنی ڈالنا تھا۔ مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری تھیں جبکہ رکن قومی اسمبلی نتاشہ دولتانہ، سینیٹر فرحت اللہ بابر، ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق، سماجی رہنما امائمہ افتخار خان، صدر پی ایس ایف راولپنڈی عثمان فاروق ستی، ڈاکٹر سویرا پرکاش اور سی ای او شہید بھٹو فاؤنڈیشن ڈاکٹر آصف خان نے خصوصی شرکت کی۔صدر پی ایس ایف زیبسٹ یونیورسٹی اسلام آباد جمشید علی طیفور نے استقبالیہ خطاب کیا ۔شازیہ عطا مری نے نوجوانوں کو تبدیلی کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس قیمتی اثاثے کو بروئے کار نہ لایا گیا تو یہ قومی نقصان ہوگا۔ نتاشہ دولتانہ نے کہا کہ نوجوان ملک کی ترقی و استحکام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، سینیٹر فرحت اللہ بابر نے نوجوانوں کو آئین اور جمہوریت کی پاسداری پر زور دیا۔ فیض اللہ فراق نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی کامیابیوں کو اجاگر کیا، امائمہ افتخار خان نے نوجوان خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی، ڈاکٹر سویرا پرکاش نے تعلیم و صحت میں نوجوانوں کی شمولیت پر زور دیا اور ڈاکٹر آصف خان نے شہید بھٹو فاؤنڈیشن کی خدمات کا ذکر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں