حیدر آباد:شادی ہالز، چائے خانوں، بینکوئٹس کیخلاف پولیس متحرک

حیدر آباد:شادی ہالز، چائے خانوں، بینکوئٹس کیخلاف پولیس متحرک

مقررہ وقت پر بند کرنے کا پابند بنایا گیا، قانون کی بالادستی یقینی بنائینگے ، ڈپٹی کمشنر

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ضلع بھر میں رات گئے پولیس کی جانب سے بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ لطیف آباد سعود احمد کے ہمراہ تعلقہ لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں شادی ہالز، بینکوئٹس اور چائے خانوں کے خلاف کارروائیاں کیں جو مقررہ اوقات سے تجاوز کر کے کھلے ہوئے تھے ۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ سٹی بابر صالح رہوپوٹو نے بھی تعلقہ سٹی کے مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کی کارروائیاں کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ قاسم آباد حتف سیال کی زیر نگرانی تعلقہ قاسم آباد میں بھی رات گئے کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کا ہدف اجازت شدہ اوقات سے زائد چلنے والے ریسٹورنٹس، شادی ہالز، بینکوئٹس اور چائے کے ہوٹل تھے ۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ انتظامی احکامات میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ احکامات کے مطابق رات 12 بجے کے بعد کھلی ہوئی کسی بھی قسم کی سرگرمی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، اور یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔ یہ اقدام ضلعی انتظامیہ کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ حیدرآباد میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بلا امتیاز اقدامات جاری رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں