کرسمس، نیو ایئر نائٹ، مری میں دفعہ 144نافذ
مری (نمائندہ دنیا) مری میں نیو ائیر کے موقع پر دفعہ 144کا نفاذ امن وامان قائم رکھنے اور سیاح فیملیوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے لگایا گیا ہے۔۔۔۔
سیاح فیملیز قائداعظم ڈے، کرسمس اور نیو ایئر نائٹ منانے مری آسکیں گی، بیچلرز کا مری مال روڈ پر مکمل داخلہ بند ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا تنویر سپرا نے مری پریس کلب کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے آنیوالے سیاح اپنا پلان بنائیں اور مری آکر کرسمس ڈے اور نیو ایئر نائٹ منائیں، تمام سیاح ہمارے معزز مہمان ہیں، سیاح اپنی فیملیوں کے ساتھ نیوایئر نائٹ ہمارے ساتھ منائیں ہم ان کو تمام سہولیات اور تحفظ فراہم کریں گے۔ نیو ائیر کے روز مال روڈ اور جی پی او چوک مری پر صرف سیاح فیملیوں کو آنے کی اجازت ہو گی۔، نوجوان بیچلرز سیاح بھی مری ضرور آئیں لیکن مال روڈ مری کے بجائے گلیات سمیت مری کے دیگر سیاحتی مراکز پر نیو ایئر نائٹ منائیں اور ایسی حرکات نہ کریں جس سے فیملیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔