نجی شعبہ کے تعاون سے سرمایہ کاری کو فروغ دینگے،فہد یعقوب
بزنس فورم کی کارکردگی قابل ستائش،وزیراعظم آزادکشمیر کے مشیر کی وفد سے گفتگو
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) وزیراعظم آزاد کشمیر کے مشیر برائے صنعت سردار فہد یعقوب نے بحریہ ٹاؤن میں فاز ٹاور کا دورہ کیا، بزنس فورم کی ٹیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے بزنس فورم کی کاروباری سرگرمیوں، تنظیمی نظم و ضبط اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کیلئے معاشی مواقع پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ فہد یعقوب نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو اہم سمجھتی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پالیسی سپورٹ اور سہولت کاری کے ذریعے ایسے پلیٹ فارمز کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ صدر بزنس فورم عمران عزیز نے فہد یعقوب کی آمد کو فورم کیلئے باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور رہنمائی سے فورم کے اہداف کے حصول میں مزید تقویت ملے گی۔ ملاقات میں سلطان رئیس، خواجہ ممتاز، عثمان طارق، جاوید خان، محمد یٰسین، قاضی امجد، ندیم جنڈالی، مظہر، ظہیر، عرفان رائے، عادل، کاشف جمیل اور دیگر موجود تھے۔