صدر‘ نائب صدر نرسنگ کونسل کا انتخاب‘ آئندہ ہفتے اجلاس طلب
دو روز قبل کونسل اجلاس امیدواروں بارے اختلاف کے باعث ملتوی ہو گیا تھا وفاقی وزیرکاوزارت کے حکام سے آن لائن اجلاس،اگلے اجلاس میں شرکت کافیصلہ
اسلام آباد ( ایس ایم زمان) وفاقی وزیر قومی صحت نے پاکستان نرسنگ و مڈوائفری کونسل کے صدر و نائب صدر کے انتخاب کیلئے آئندہ ہفتے اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا جس میں وہ خود شر کت کرینگے ، انہوں نے گزشتہ اجلاس میں صدر و نائب صدر کا انتخاب نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز وزارت کے حکام سے آن لائن اجلاس منعقد کیااور آئندہ ہفتے اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ دو روز قبل کونسل کا اجلاس سپیشل سیکرٹری وزارت صحت اور ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کے امیدوار بننے پر اختلاف کا شکار ہو گیا تھا ۔ سپیشل سیکرٹری وزارت صحت اسلم غوری کو صدر اور ڈاکٹر سید علی فرحان راضی کو نائب صدر نامزد کیا گیا تھا تاہم ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب طاہرہ صغیر اور خیبر پختونخوا کے نجی شعبے سے ممبر گلزار حبیب نائب صدر کیلئے مقابلے میں آ گئے جس پر اختلاف ہو گیا اور خصوصی سیکرٹری وزارت صحت کو صدر بنانے پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا جس کے بعد کونسل کا اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔ وزارت کے خصوصی سیکرٹری اسلم غوری اور سیکرٹری کونسل و ڈپٹی سیکرٹری وزارت قومی صحت ڈاکٹر علی زیدی نے وفاقی وزیر قومی صحت کے نوٹس لینے اور صدر و نائب صدر کا انتخاب نہ ہونے پر آن لائن اجلاس منعقد کرنے بارے دنیا کے سوال کا جواب نہیں دیا۔