جہلم میں جاری ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں،کمشنر راولپنڈی
سوہاوہ، دینہ اور جہلم میں بیوٹیفیکیشن کے مختلف منصوبوں، بڑے ترقیاتی پیکجز کا جائزہ
کھیوڑہ (نمائندہ دنیا) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے جہلم کا دورہ کیا، تحصیل سوہاوہ، دینہ اور جہلم میں بیوٹیفیکیشن کے مختلف منصوبوں اور بڑے ترقیاتی پیکجز کا جائزہ لیا۔ سوہاوہ اور دینہ میں شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کیا، ڈی سی آفس میں اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کمشنر راولپنڈی کو واسا کی ترقیاتی سکیموں، لِلہ جہلم ڈوئل کیرج روڈ اور جلال پور نہر کے کام کی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا۔ کمشنر نے تمام انتظامی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو ہر صورت بروقت مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ تعمیراتی کام کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔