قائم مقام چیئرمین سینیٹ سے امریکی وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے امریکہ کے سفارت خانے کی پولیٹیکل کونسلر شیلی اے ڈبلیو سیکسن کی قیادت میں تین رکنی وفد نے ملاقات کی۔
باہمی دلچسپی کے امور، بین الاقوامی سیاست، عالمی و علاقائی معیشت، اقتصادی ترقی، معاشی خوشحالی، امن و استحکام، سکیورٹی صورتحال اور وسائل کے مؤثر استعمال سمیت مختلف اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، حکومت کی مؤثر سفارتی حکمتِ عملی اور دور اندیشی کے باعث پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے معاشی، اقتصادی اور سماجی تعلقات کو مزید فروغ دے سکتی ہیں۔ امریکی وفد کے ارکان نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم اور مؤثر ہو رہے ہیں۔