محمد بشیر مرزا نے ناظم تعلقات عامہ آزاد کشمیر کا چارج سنبھال لیا
تقرری سابق ناظم تعلقات عامہ امجد منہاس کی ریٹائرمنٹ پر کی گئی وزیراطلاعات کی رہنمائی میں محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرینگے ، بشیر مرزا
مظفرآباد(بیورو رپورٹ) محکمہ تعلقات عامہ کے سینئر آفیسر محمد بشیر مرزا نے حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت بطور سربراہ محکمہ چارج سنبھال لیا۔ قبل ازیں وہ بطور ڈائریکٹر سوشل، ڈیجیٹل میڈیا و پکٹوریل پبلسٹی فرائض انجام دے رہے تھے ۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس سے چارج لیا۔ تقریب سوموار کے روز نظامت تعلقات عامہ میں منعقد ہوئی جس میں محمد بشیر مرزا نے ناظم تعلقات عامہ کا باقاعدہ چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا۔
محمد بشیر مرزا گزشتہ 36 سال سے محکمہ میں بطور آفیسر اطلاعات، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے آفیسرز اور سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں جدید میڈیا کے ٹولز کو اپنا کر آگے بڑھنا ہوگا۔ اس کے لیے محکمہ کے افسران اور سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔ میری کوشش ہوگی کے اپنے دور میں محکمہ کی بہتری کے لیے کام کروں۔ وزیراطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات کی رہنمائی میں محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کریں گے ۔