اٹلی کی سفیر کی گولڑہ ریلوے سٹیشن آمد،میوزیم کادورہ
ماریلینا نے میوزیم میں محفوظ نایاب اور تاریخی نوادرات کا بغور معائنہ کیاایسے مقامات کسی بھی قوم کی تاریخ وثقافت کی عکاسی کرتے ہیں:اطالوی سفیر
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں تعینات اٹلی کی سفیر ایچ ای ماریلینا ارمیلن نے گولڑہ ریلوے سٹیشن پر قائم تاریخی ریلوے میوزیم کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ریلوے کے ڈی سی او عابدہ مریم، ڈائریکٹر ٹو منسٹر میڈم رباب اور دیگر متعلقہ افسران نے معزز سفیر کا استقبال کیا اور انہیں میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔ ریلوے افسران نے سفیرِ اٹلی کو میوزیم میں موجود بانیٔ پاکستان محمد علی جناح سے منسوب تاریخی سیلون کا بھی دورہ کرایا اور اس کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا۔دورے کے دوران اطالوی سفیر نے میوزیم میں محفوظ نایاب اور تاریخی نوادرات کا بغور معائنہ کیا، ریلوے حکام کی جانب سے انہیں میوزیم کی تاریخ، پاکستان میں ریلوے کے آغاز، اس کے ارتقاء اور مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والے آلات و سامان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، سفیر اٹلی نے قائدِ اعظم کی سیلون سمیت برطانوی دور کے نادر سامان میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور میوزیم میں محفوظ تاریخی ورثے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقامات کسی بھی قوم کی تاریخ اور ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کا تحفظ نہایت اہم ہے۔ دورے کے اختتام پر ایچ ای ماریلینا ارمیلن نے یادگار کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور ریلوے میوزیم کی دیکھ بھال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سفیراٹلی