پارلیمنٹ غیر موثر بنانا عوام کی آواز دبانے کے مترادف ،اقبال رضوی
سیاسی اختلاف کی بنیاد پر انسانی جان کو خطرے میں ڈالنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ،پریس کانفرنس
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) مجلسِ وحدتِ مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ عوامی مینڈیٹ کی علامت ہے اور اسے محاصرے میں لے کر غیر مؤثر بنانا دراصل عوام کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے۔ رکنِ قومی اسمبلی حمید حسین، علامہ اقبال بہشتی سمیت دیگر قائدین کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال رضوی کا حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے غیر قانونی، غیر آئینی محاصرے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک بزرگ اور بیمار قومی رہنما کو طبی سہولیات سے محروم رکھنا کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔
محمود خان اچکزئی اور دیگر بیمار اراکین کو ادویات اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا، عمران خان کو بروقت ہسپتال منتقل نہ کرنے کو بھی سیاسی انتقام اور غیر انسانی طرزِ عمل کی بدترین مثال قرار دیا اور کہا کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر انسانی جان کو خطرے میں ڈالنا آئینی اور اخلاقی اصولوں کے منافی ہے۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ کسی ایک جماعت یا شخصیت کا نہیں بلکہ پارلیمانی وقار، آئین کی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کا ہے۔