راولپنڈی ،رمضان المبارک میں سستے بازار قائم کرنیکا فیصلہ
چوہڑ چوک میں رمضان، اقبال پارک اور حیدری چوک میں کارٹ بازارلگیں گے
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان المبارک کے دوران خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی ہدایات پر شہر میں رمضان بازار اور کارٹ بازار قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ ایک رمضان بازار چوہڑ چوک کے علاقے میں قائم کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کریں گے ، جبکہ دو کارٹ بازار اقبال پارک اور حیدری چوک میں قائم کیے جا رہے ہیں جن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان ظفر کریں گی۔
ان بازاروں میں آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، پھل اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ سرکاری اور کنٹرول شدہ نرخوں پر دستیاب ہوں گی تاکہ عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے ہدایت کی ہے کہ رمضان اور کارٹ بازاروں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں، نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔