11ملزم گرفتار،منشیات،شراب اور مسروقہ موٹر سائیکلز برآمد
پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنیوالے ایک زخمی ملزم سمیت 2ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا
راولپنڈی (خبرنگار) راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات، شراب اور مسروقہ موٹر سائیکلز برآمد کر لئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ نیوٹان کے علاقہ میں رات گئے 2موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے ایک زخمی ملزم سمیت 2ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، زیر حراست ملزمان سے مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت شہزاد جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت نوشاب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دھمیال پولیس نے ایک فرد کو حراست میں لے کر 2کلو 300گرام چرس برآمد کی۔ صدر بیرونی پولیس نے ایک فرد کو حراست میں لے کر 1کلو 600گرام چرس برآمد کی، پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 7افراد کو حراست میں لے کر 34لٹر شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا، زیر حراست افراد کے خلاف کارروائیاں تھانہ رتہ امرال، وارث خان، نصیر آباد، صادق آباد اور جاتلی کے علاقوں میں کی گئیں۔