وزیر داخلہ کا الیکٹرک بس سروس کو روات تک توسیع دینے کا اعلان

وزیر داخلہ کا الیکٹرک بس سروس کو روات تک توسیع دینے کا اعلان

یومیہ مسافر ڈھائی لاکھ تک لے جانے کا ہدف،جدید ڈپو، چارجنگ سینٹر کا افتتاح 21روٹس پر بسیں چل رہیں، پنڈی اسلام آبادٹرین سروس بحال کرینگے:محسن نقوی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد بس سروس کو روا ت تک توسیع دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی یومیہ تعداد ایک لاکھ 25ہزار سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ تک لے جانے کا بڑا ہدف رکھا گیا۔ وزیر داخلہ نے الیکٹرک بسوں کے جدید ڈپو اور چارجنگ سینٹر کا افتتاح بھی کیا، افتتاحی تقریب کے دوران متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈپو میں 64چارجرز لگانے کی گنجائش ہے، جن میں سے 50نصب ہو چکے ہیں اور بقیہ 14جلد لگا دئیے جائیں گے۔ ایک چارجر محض دو گھنٹے میں دو بسیں چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسلام آباد کے 21مختلف روٹس پر الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں اور اس پورے سسٹم کو گوگل کے ساتھ انٹیگریٹ کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو آسانی ہو، انہوں نے اعلان کیا کہ الیکٹرک بس سروس کو اب روات تک توسیع دی جا رہی ہے طلبا و طالبات کے روٹس کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ وزیرداخلہ نے کہا پنڈی، اسلام آباد ریلوے سروس بحال کی جا رہی ہے، ایچ آئی ٹی پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی مقامی تیاری شروع کرنے جا رہا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں