امن و اما ن کی بحالی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،چیف کمشنر

امن و اما ن کی بحالی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،چیف کمشنر

شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح، آئی جی، سکیورٹی، چیکنگ سخت کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے زیر صدارت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ چیف کمشنر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے۔ آمدورفت اور نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے کیلئے جدید میکنزم تیار کیا جائے، ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون سمیت شہر بھر کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔ آئی جی نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے روک تھام کیلئے کئے گئے انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور اس کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس دن رات مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے متعلقہ شعبے بھر پور معاونت کر رہے ہیں اور دارالحکومت اسلام آباد میں ویجیلنس کو بڑھا کر مانیٹرنگ کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔ اسی طرح شہر میں پولیس پٹرولنگ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے چیف کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کو مزید بہتر بنانے میں کسی قسم کی کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام مدارس اور دینی درسگاہوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشکوک سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھنا اور انکی مکمل تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں