حضرت شاہ حسینؒ کی صوفی تعلیمات چیلنجز کیلئے مؤثر ضامن،احسان بھٹہ
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) سیکرٹری، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حضرت شاہ حسینؒ المعروف مادھو لال حسینؒ کی لازوال صوفی تعلیمات آج بھی دلوں کو محبت، رواداری اور اتحاد کے پیغام سے منور کرتی ہیں، اور جدید دنیا کے چیلنجز کے لئے ایک مؤثر ضامن ثابت ہوتی ہیں۔
یہ تعلیمات معاشرتی ہم آہنگی، ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں 438ویں سالانہ تین روزہ عرس کے دوسرے روز منعقدہ تصوف کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ مزارات کو جدید سہولیات اور ترقی کے منصوبوں کے ذریعے بہتر بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ کانفرنس میں ممتاز علماء ڈاکٹر مسعود مجاہد ، ڈاکٹر رنجیت سنگھ، اختر احمد ندیم، عمران حنفی، مفتی مسعود الرحمن، مشائخ، دانشور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔