شہریوں کو آوارہ کتوں کے حوالے کر دیاگیا ، ایم کیو ایم
بچوں ،بزرگوں پر حملے معمول، کاغذی میئر کی ترجیحات فالتو بیان بازی تک محدودروایتی غفلت ترک نہ کی گئی تو سخت احتجاجی تحریک چلائیں گے ،اراکین اسمبلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں آئے روز کتے کے کاٹنے کے واقعات میں خطرناک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور نام نہاد بلدیاتی نظام کی ناکامی نے شہریوں کی زندگیوں کو کھلی دہشت اور عدم تحفظ میں دھکیل دیا ہے ۔ اپنے بیان میں حق پرست اراکین نے کہا کہ دنیا کے بڑے شہروں میں عوام کو سہولتیں اور تحفظ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ کراچی میں سندھ حکومت نے شہریوں کو آوارہ کتوں کے حوالے کر دیا ، روزانہ بچوں خواتین اور بزرگوں پر آوارہ کتوں کے حملے معمول بن چکے مگر حکومت اور کاغذی میئر کی ترجیحات صرف سیاسی مفادات فالتو بیان بازی اور ٹی وی پر دکھاوے تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت کتے مار مہم کا خاتمہ اور بلدیاتی عملے کی مکمل ناکارہ کارکردگی نے شہریوں کی جانوں کو داؤ پر لگا دیا ہے ، سرکاری اسپتالوں میں ویکسین نہ ملنے کے باعث متاثرین دربدر اور خوفزدہ ہیں جبکہ سندھ حکومت بے حسی کی حدیں عبور کر چکی ہے ۔ حق پرست نمائندگان نے واضح کیا کہ کراچی کو آوارہ کتوں سے پاک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر آپریشن کیا جائے ۔متحدہ اراکین نے اعلان کیا کہ اگر سندھ حکومت نے اپنی روایتی غفلت ترک نہ کی تو ایم کیو ایم پاکستان ایوان کے اندر بھرپور احتجاج کے ساتھ عوامی سطح پر بھی سخت تحریک چلانے سے دریغ نہیں کرے گی۔