جی ٹی روڈ کی تزئین و آرائش کی جائے ، وفاقی وزیر مواصلات

 جی ٹی روڈ کی تزئین و آرائش کی جائے ، وفاقی وزیر مواصلات

حکومت جی ٹی روڈ کو موٹروے کے معیار کے مطابق لانے کیلئے پرعزم ،علیم خان

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی پنجاب ریجن کا اجلاس ہوا جس میں این ایچ اے کے جاری اور مجوزہ انفراسٹرکچر منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے جی ٹی روڈ کی تزئین و آرائش بشمول گرین ایریاز کی تعمیر اور جدید لائٹنگ نصب کرنے کے احکامات جاری کیے ۔علیم خان نے کہا کہ وفاقی حکومت جی ٹی روڈ کو موٹروے کے معیار کے مطابق لانے کے لیے پرعزم ہے ۔ جی ٹی روڈ سے خاطر خواہ ریونیو حاصل ہو رہا ہے اس لیے ناگزیر ہے کہ مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک کے بھاری دباؤ کو ریگولیٹ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں جی ٹی روڈ لاہور سے پھول نگر تک این-5ہائی وے کی ری ڈیزائننگ کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے جی ٹی روڈ کی مرحلہ وار بہتری کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پھول نگر کے بعد اوکاڑہ اور ساہیوال تک اس قومی شاہراہ کو اپ گریڈ کیا جائے ۔ ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے تمام یو ٹرنز عالمی معیار کے مطابق ہونے چاہئیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے  اوور ہیڈ پیڈسٹرین برجز  کی تعمیر کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کو خطرناک مقامات سے سڑک پار کرنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں نصب کی جائیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں