خان پور کے جنگلات میں آتشزدگی،جنگلی حیات کو شدید نقصان
خشک موسم اور تیز ہوائوں کے باعث بہت تیزی سے جنگل کے بڑے حصے تک پھیل گئی
ہری پور (اے پی پی) ضلع ہری پور کی تحصیل خان پور کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی تیزی سے پھیل کر وسیع رقبہ کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے ۔ضلع ہری پور کی انتظامیہ کے مطابق تحصیل خان پور کے جنگلات میں آگ اچانک بھڑک اٹھی اور خشک موسم اور تیز ہوائوں کے باعث بہت تیزی سے جنگل کے بڑے حصے تک پھیل گئی۔ اس وقت جنگل کا ایک وسیع علاقہ شعلوں کی زد میں ہے جس کے باعث آگ پر قابو پانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔مقامی ذرائع اور ریسکیو ٹیموں کے مطابق اس واقعہ میں بڑی تعداد میں جنگلی جانور اور پرندے جل کر ہلاک ہو گئے ہیں، تاہم حتمی تعداد کا اندازہ ابھی لگایا جا رہا ہے ۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جنگلی حیات کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات، محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور مشترکہ طور پر آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ تاہم شدید خشک موسم، گھنی جھاڑیوں اور آگ کے تیزی سے پھیلا کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔