ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی کا اجلاس،متعلقہ حکام کی بریفنگ
اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا ،ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ شہر میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا کو شہری اور دیہی علاقوں کے ہاٹ سپاٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جہاں ڈینگی کے مچھروں کے لاروا پائے جانے کا خدشہ زیادہ ہے ۔ دوران انسپکشن ملنے والے مثبت (پازیٹو) اور منفی (نیگٹو) لاروا کے اعدادوشمار کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں انڈور ویکٹر سرویلنس (گھروں کے اندر مچھروں کی نگرانی) کے حوالے سے تمام سب ڈویژنز کا فرداً فرداً جائزہ پیش کیا گیا۔ ادھر ڈینگی کی روک تھام اور انسدادِ وبا کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی صدارت میں ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان سمیت محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈینگی کی موجودہ صورتحال، سرویلنس، لاروا تلفی، ان ڈور و آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور عوامی آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بریفنگ بھی دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات بڑھ گئے ہیں، لہٰذا تمام ہاٹ سپاٹس، زیر تعمیر عمارتوں، قبرستانوں، کباڑ خانوں، ٹائر شاپس، نرسریوں اور دیگر حساس مقامات کی مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس اور لاروا تلفی کی سرگرمیوں میں تیزی لائیں اور کسی بھی مقام پر پانی کھڑا ہونے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔