ہاؤسنگ اتھارٹی کے الاٹیز کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں ،سیکرٹری ہائوسنگ
اپنا گھر سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کے ہاؤسنگ قرضے کی سہولت کو آسان بنایا جائے
اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) ہاؤسنگ اتھارٹی کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن( ر) محمد محمود نے کی۔ ڈائریکٹر جنرل ظفر اقبال سمیت ادارے کے تمام ڈائریکٹرز اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ہاؤسنگ اتھارٹی کے الاٹیز کو ہاؤسنگ منصوبوں میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ہدایت کی کہ وزیرِاعظم پاکستان کے اپنا گھر سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کے ہاؤسنگ قرضے کی سہولت سے زیادہ سے زیادہ الاٹیز کو مستفید کرنے کے لیے FGEHA اور مختلف کمرشل بینکوں کے مابین ایک جامع اور قابلِ عمل پالیسی مرتب کی جائے اور خاص طور پر ریٹائرڈ الاٹیز کے لیے بھی پالیسی بنائی جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ مجوزہ پالیسی میں قرضہ جات کے حصول کے طریقہ کار کو آسان، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ الاٹیز کم مالی بوجھ کے ساتھ اپنے گھروں کی تعمیر اور ملکیت کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔ مجوزہ نظام کے مطابق بینک الاٹیز کی جانب سے مطلوبہ ادائیگیاں کرے گا جبکہ الاٹیز بعد ازاں آسان اقساط میں بینک کو ادائیگیاں کرتے رہیں گے ۔ اس اقدام کا مقصد ہاؤسنگ سکیموں میں شامل افراد کو مالی سہولت فراہم کرنا اور ان کے لیے گھروں کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے ۔