راولپنڈی ،13غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں ،مالکان کو شو کاز نوٹس جاری
عوام الناس غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں ،آر ڈی اے
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے غیر قانونی و غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 13 ہاؤسنگ سکیموں اور لینڈ سب ڈویژن منصوبوں کے مالکان/چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ جن ہاؤسنگ سکیموں اور منصوبوں کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں کیپیٹل سمارٹ سٹی فیز III، قرطبہ سٹی ایکسٹینشن، بلیو سکائی گارڈن، ایکوا گرین فارمز، مغل فارمز (مری جبار روڈ)، کوہستان انکلیو ایکسٹینشن-I، اظہر کیانی، فخر کیانی اور ندیم قریشی کے فارم ہاؤسز (کلر سیداں روڈ، سگری)، محمد جمیل کا لینڈ سب ڈویژن (کلر سیداں روڈ، شاہ باغ)، علی پراپرٹیز اینڈ ڈویلپرز کا لینڈ سب ڈویژن منصوبہ (سرور شاہین روڈ، مندرہ)، بھگوال ویلی (رقبہ تراش بلڈرز اینڈ ڈویلپرز)، سلیم بلوچ کے فارم ہاؤسز (مندرہ۔چکوال روڈ، بھکر اڈہ) اور سکھی ٹاؤن (زون پراپرٹی کا منصوبہ، مندرہ۔چکوال روڈ، راولپنڈی) شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے خلاف غیر قانونی ڈویلپمنٹ، پلاٹوں کی غیر قانونی بکنگ، سوشل میڈیا پر غیر قانونی تشہیر اور مارکیٹنگ کے الزامات پر شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق مذکورہ سکیموں اور لینڈ سب ڈویژن منصوبوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ، 1976ء کی دفعہ 12(5)اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز، 2021ء کے رول 4 کی خلاف ورزی کی ہے ۔ آر ڈی اے نے عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم یا سوسائٹی کے جھانسے میں نہ آئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments