سی ڈی اے سینیٹیشن ٹیموں کی کارکردگی، نکاسی آب کا عمل مکمل
اہم شاہراہوں، مارکیٹوں اور شہری آبادیوں میں خصوصی نگرانی ،شہریوں کا خراج تحسین
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )اسلام آباد میں بارش کے دوران اور بعد میں سی ڈی اے کے سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کی متحرک ٹیموں نے غیر معمولی عزم، پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور جذبئہ خدمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر بھر میں نکاسی آب کا عمل مکمل کرلیا۔ ٹیمیں بارش کے دوران اور بارش رکنے کے بعد بھی مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں، سڑکوں، بازاروں، نالوں، ڈرینز اور دیگر عوامی مقامات سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے بھرپور اقدامات کیے ۔نامساعد موسمی حالات اور مسلسل بارش کے باوجود سینیٹیشن ورکرز نے اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور عزم کے ساتھ ادا کیں۔ اہم شاہراہوں، مارکیٹوں اور شہری آبادیوں میں بھی خصوصی نگرانی جاری رکھی گئی تاکہ بارش کے پانی کے باعث شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، سڑکیں قابلِ استعمال رہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔سی ڈی اے سینیٹیشن ٹیموں کی شبانہ روز خدمات کو شہریوں کی جانب سے بھی بھرپور سراہا گیا۔ بارش کے دوران نکاسی آب کے راستے بحال رکھنے سے لے کر بارش کے بعد سڑکوں، بازاروں، نالوں اور دیگر مقامات سے جمع شدہ پانی، مٹی، پتوں، کچرے اور دیگر رکاوٹوں کو ہٹانے تک سینیٹیشن ٹیموں نے غیر معمولی استقامت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments