کامسیٹس یونیورسٹی میں ’’فریمز آف فریڈم‘‘ فوٹوگرافی نمائش
نمائش میں 50سے زائد تصاویر پیش، پارلیمانی سیکرٹری وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت نے افتتاح کیا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پارلیمانی سیکرٹری وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت، فرح ناز اکبر نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی آرٹ گیلری میں منعقدہ تصویری نمائش ’فریمز آف فریڈم‘ کا افتتاح کیا۔ نمائش میں 50سے زائد تصاویر پیش کی گئی ہیں، جن میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، تاریخی عمارات، قدرتی مناظر، لوگوں، روایات اور روزمرہ زندگی کے مختلف پہلوؤں کو منفرد بصری انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ نمائش کا مقصد پاکستان کے قومی تشخص اور جذبے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں، مقامات، یادوں اور شناخت کے باہمی تعلق پر غور و فکر کی دعوت دینا ہے۔ فرح ناز اکبر نے پاکستان کے ثقافتی اور قدرتی ورثے کو فوٹوگرافی کے ذریعے اجاگر کرنے کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے پر یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نمائش میں شریک فوٹوگرافرز کی تخلیقی صلاحیتوں اور منفرد زاویہ نظر کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مثبت اور پُرامن تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اس سمت میں بروئے کار لایا جانا چاہیے کہ وہ پاکستان کے تاریخی ورثے ، ثقافت اور روایات کو محفوظ کریں اور انہیں آنے والی نسلوں تک منتقل کریں۔اس موقع پر ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے بھی فوٹوگرافرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی خوبصورتی، ثقافت اور ورثے کو مؤثر اور دلکش بصری انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوٹوگرافی محض واقعات اور مناظر کو محفوظ کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ تخلیقی اظہار، غور و فکر اور ثقافتی مکالمے کا ایک طاقتور وسیلہ بھی بن سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments