چیئرمین سی ڈی اے کا سیکٹرE-12 کا دورہ، ترقیاتی کاموں تجاوزات کیخلاف آپریشن کا جائزہ

چیئرمین سی ڈی اے کا  سیکٹرE-12 کا دورہ، ترقیاتی  کاموں تجاوزات کیخلاف آپریشن کا جائزہ

750کنال حاصل شدہ اراضی غیر مجاز قبضے سے واگزار کرا لی ،جو طویل عرصے سے سیکٹر کی ترقی میں رکاوٹ بنی ہوئی تھی،بریفنگ واگزار کرائی گئی اراضی پر ترقیاتی سرگرمیاں تیز ، تمام منصوبے مقررہ معیار اور قوانین و ضوابط کے مطابق مکمل کئے جائیں ،سہیل اشرف

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے گزشتہ روز سیکٹر E-12 کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور اراضی کی واگزاری کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ سیکٹر میں تقریبا 750 کنال حاصل شدہ اراضی غیر مجاز قبضے سے واگزار کرا لی گئی ہے ، جو طویل عرصے سے سیکٹر کی ترقی میں رکاوٹ بنی ہوئی تھی۔سی ڈی اے حکام کے مطابق واگزار کرائی گئی اراضی کو منظور شدہ منصوبوں کے مطابق ترقیاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس سے سیکٹر E-12 کی ترقی میں حائل دیرینہ رکاوٹیں دور کرنے اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ شہر میں تجاوزات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔ سی ڈی اے کے مطابق یہ اقدامات سرکاری اور حاصل شدہ اراضی کے تحفظ اور مختلف سیکٹرز کی ترقی میں حائل مسائل کے خاتمے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو واگزار کرائی گئی اراضی پر ترقیاتی سرگرمیاں تیز کرنے اور تمام کام منظور شدہ منصوبوں، مقررہ معیار اور قوانین و ضوابط کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہیں اراضی کی واگزاری، ترقیاتی کاموں اور متاثرین و الاٹیز کے دعووں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔حکام نے بتایا کہ دعووں کی جانچ پڑتال اور ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان حقیقی اور مستحق متاثرین کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کیے گئے جن کے دعوے مروجہ قوانین کے تحت قابل قبول قرار پائے ۔ سی ڈی اے کے مطابق غیر مجاز تعمیرات، قبضوں اور حاصل شدہ سرکاری اراضی کے مبینہ تجارتی استعمال میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...