تعلیمی اسناد کی تصدیق ،ایچ ای سی ،وزارت خارجہ کے مابین معاہدہ
ایچ ای سی سے تصدیق شدہ اسناد کی براہ راست ، محفوظ طریقے سے تصدیق ہوگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اور وزارت خارجہ نے تعلیمی اسناد کی محفوظ ڈیجیٹل تصدیق کے نظام کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے تحت ایچ ای سی سے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد کی براہ راست اور محفوظ طریقے سے تصدیق ممکن ہو سکے گی۔ایچ ای سی کے مطابق اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے اسناد کی تصدیق کے نظام کو ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس (اے پی آئی) کے ذریعے مربوط کرنا ہے تاکہ تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل تیز، شفاف اور محفوظ بنایا جا سکے ۔مفاہمت کی یادداشت پر ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق اور وزارت خارجہ کے سیکرٹری خارجہ سفیر عاصم افتخار احمد نے دستخط کیے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سمیت دونوں اداروں کے سینئر حکام بھی موجود تھے ۔معاہدے میں معلومات کے تبادلے ، رازداری، سائبر سکیورٹی اور ذاتی شناخت سے متعلق معلومات کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جس سے دونوں اداروں کے درمیان محفوظ ڈیجیٹل تعاون کو فروغ ملے گا۔اس اقدام سے بیرون ملک تعلیم، ملازمت اور دیگر پیشہ ورانہ مواقع کے لیے درخواست دینے والے پاکستانی طلبہ اور ماہرین کو سہولت ملنے کی توقع ہے ۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے دستی کارروائیوں میں کمی آئے گی، اسناد کی تصدیق زیادہ موثر اور شفاف ہوگی اور پاکستانی تعلیمی اسناد کی بین الاقوامی سطح پر ساکھ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments