تعلیمی بورڈز نادرا کے ڈیجیٹل نظام سے منسلک ، معاہدہ طے پاگیا
جعلی اسناد اور امتحانی بے ضابطگیوں کی روک تھام میں مدد ملے گی، تصدیق شدہ اسناد پاک آئی ڈی پر دستیاب ہوں گی اقدام تعلیمی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور امتحانی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اہم سنگِ میل ،وزیر جامعات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے لیے اکیڈمک ریکارڈ انٹیگریشن پراجیکٹ کے تحت معاہدہ کر لیا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ کو محفوظ بنانے ، اسناد کی مستند تصدیق اور امتحانی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے ۔اس موقع پر وزیر جامعات و تعلیمی بورڈ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو نادرا کے ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے ۔ یہ اقدام صوبے میں تعلیمی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے ۔سیکریٹری جامعات و تعلیمی بورڈ محمد عباس بلوچ کے دفتر میں منعقدہ معاہدے کی تقریب میں وزیر جامعات و تعلیمی بورڈ محمد اسماعیل راہو، سیکریٹری محمد عباس بلوچ، ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی عامر علی خان اور سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز موجود تھے ۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ اس اقدام کے تحت سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کو نادرا کے محفوظ ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں طلبہ کا تعلیمی ریکارڈ ڈیجیٹل طور پر محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام سے جعلی اسناد اور کسی دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دینے جیسے غیر قانونی عمل کی روک تھام میں مدد ملے گی۔وزیر جامعات و تعلیمی بورڈ نے بتایا کہ معاہدے کے تحت طلبہ کی تصدیق شدہ تعلیمی اسناد پاک آئی ڈی ایپ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ صوبے کے ہر طالب علم کے لیے منفرد شناختی نمبر مختص کرنے کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا، تاکہ تعلیمی ریکارڈ کی درست شناخت اور تصدیق کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیمی نظام میں شفافیت، مستند ریکارڈ کی دستیابی اور امتحانی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس منصوبے سے تعلیمی اسناد کی تصدیق میں آسانی پیدا ہوگی، دستی دستاویزات پر انحصار کم ہوگا اور تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد کو مزید فروغ ملے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی عامر علی خان نے بتایا کہ نادرا کی جانب سے تمام تعلیمی بورڈز کو اکیڈمک ریکارڈ انٹیگریشن کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ اس سے طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ کے انتظام، اسناد کی تصدیق اور محفوظ ڈیجیٹل نظام کے قیام میں مدد ملے گی۔سندھ حکومت اور نادرا کے درمیان یہ معاہدہ صوبے کے تعلیمی نظام کو جدید ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کرنے اور امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments