گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں خلائی سائنس کلب قائم

 گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں خلائی سائنس کلب قائم

سیمینارمیں طالبات نے دوربین سے سورج کے دھبوں کا مشاہدہ بھی کیا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ طبیعیات نے اسپیس سائنسز گروپ کے اشتراک سے عالمی ہفتہ خلائی سائنس کے سلسلے میں ‘‘زمین سے آگے : خلاء کے عجائبات کی کھوج’’ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا۔ سیمینار کا مقصد طالبات میں خلائی سائنس، فلکیات اور تحقیق کے حوالے سے دلچسپی پیدا کرنا تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اسپیس سائنسز گروپ کے بانی محمد عبدالوہاب اور مرچنٹ نیوی کے کپتان آفتاب احمد کے ہمراہ یونیورسٹی کے پہلے خلائی سائنس کلب کا افتتاح کیا۔ اس اقدام کا مقصد طالبات کو خلائی سائنس اور فلکیات کے شعبوں میں سیکھنے ، تحقیق کرنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ کپتان آفتاب احمد نے اپنی فلکیاتی تصاویر پیش کیں اور طالبات کو کائنات کے مطالعے اور خلائی تحقیق میں دلچسپی لینے کی ترغیب دی۔ تکنیکی نشست میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر بلال رمضان اور جامعہ پنجاب کے ڈاکٹر محسن سعید نے طالبات کو فلکی طبیعیات میں تحقیق کے امکانات اور دستیاب مواقع سے آگاہ کیا۔ سیمینار کی اہم سرگرمی سورج کا براہ راست مشاہدہ تھا، جس کے دوران طالبات نے دوربین کی مدد سے سورج کے دھبے دیکھے اور فلکیاتی مشاہدے کا عملی تجربہ حاصل کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین نے سیمینار کے انعقاد پر شعبہ طبیعیات کی کاوشوں کو سراہا اور مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔ مقررین نے طالبات کو سائنسی تحقیق کی جانب راغب کرنے اور خلائی سائنس و فلکیات کے بارے میں آگاہی بڑھانے پر زور دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...