گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں نئے طلبہ کیلئے تعارفی نشست
طلبہ نظم و ضبط، دیانت داری اور تعلیمی معیار کی بہتری کو ترجیح دیں:وی سی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو کیمپس میں قائداعظم آڈیٹوریم میں نئے داخل ہونے والے بی ایس طلبہ کے لیے تعارفی نشست منعقد کی گئی۔ اس کا مقصد طلبہ کو یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، قواعد و ضوابط، سہولیات اور معاونتی نظام سے آگاہ کرنا تھا۔ نشست کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کی، جبکہ ڈائریکٹر انڈرگریجویٹ سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انور بخاری، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، پرنسپل افسران اور اساتذہ نے شرکت کی۔ وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں، قومی و بین الاقوامی درجہ بندی میں مقام اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے قائم کیے گئے ذیلی کیمپسز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی کامیابیاں اساتذہ اور طلبہ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہیں۔ یونیورسٹی محض تعلیم حاصل کرنے کا مرکز نہیں بلکہ کردار سازی، شخصیت کی نشوونما اور پیشہ ورانہ تربیت کا بھی اہم ادارہ ہے ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، دیانت داری اور تعلیمی معیار کی بہتری کو ترجیح دیں۔ اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کے ڈینز اور پرنسپل افسران نے طلبہ کو متعلقہ شعبوں، یونیورسٹی پالیسیوں، تحقیقی مواقع، تعلیمی پروگراموں اور ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ نشست کا مقصد نئے طلبہ کو یونیورسٹی کے ماحول سے ہم آہنگ کرنا اور دستیاب تعلیمی و تربیتی مواقع سے بھرپور استفادے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments