اے ڈی سی کا راولپنڈی چیمبر کے صدر کے ساتھ روات کا دورہ
چیمبر چوک سے انڈسٹریل سٹیٹ تک سڑک،دیگر سہولیات کا جائزہ،جلد مکمل کرنیکی ہدایت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر نوشیروان خلیل خان کی قیادت میں وفد نے اے ڈی سی ملیحہ سحر کے ہمراہ روات انڈسٹریل سٹیٹ کا دورہ کیا۔ اے ڈی سی نے موقع پر جا کر چیمبرچوک سے انڈسٹریل سٹیٹ تک سڑک اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ منیجمنٹ بورڈ آفس میں چیئرمین روات انڈسٹریل مینجمنٹ بورڈ ندیم روئف نے اے ڈی سی کو بریفنگ دی۔ رابطہ سڑک کی تعمیر اور موجودہ سڑک کی کارپیٹنگ، تجاوزات، ریسکیو 1122اور فائر بریگیڈ کی سہولت، چونگی (ٹال ٹیکس) کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حوالے سے بھی اے ڈی سی کو آگاہ کیا گیا۔ صدر نوشیروان اور چیئرمین روات انڈسٹریل مینجمنٹ بورڈ ندیم روئف نے اے ڈی سی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ کسی محکمے کے سینئر افسر نے انڈسٹریل سٹیٹ کا دورہ کیا اور موقع پر سہولیات کا جائزہ لیا ڈی سی راولپنڈی ندیم ناصر کے بھی شکر گزار ہیں جنھوں نے چیمبر دورہ کے موقع پر یقین دلایا تھا کہ وہ محکمے کے افسر کو موقع پر جائزہ لینے کیلئے بھیجیں گے تاکہ یہ دیرینہ مسلہ حل ہو۔ اے ڈی سی ملیحہ سحر نے یقین دلایا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر اور کارپیٹنگ کا کام جلد کیا جائے گا، علاقہ سی ڈی اے کی حدود میں ہے وہاں بھی سڑک کی تعمیر اور مرمت کی جائے گی اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments