لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام انسداد بدعنوانی پرسیشن
شفافیت، میرٹ اور دیانت داری کے فروغ پر زور ،آگاہی واک بھی کی گئی
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ملتان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی ہدایات پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام وہاڑی اور بوریوالا میں انسداد بدعنوانی کے حوالے سے آگاہی سیشنز اور واکس کا انعقاد کیا گیا۔تحصیل وہاڑی میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غفران حسین ثاقب کی زیر صدارت آگاہی سیشن منعقد ہوا، جس کے بعد واک بھی کی گئی۔ تحصیل بوریوالا میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد سلیم کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ان سرگرمیوں کا مقصد عوام میں کرپشن کے خلاف شعور بیدار کرنا، شفافیت اور دیانت داری کو فروغ دینا اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر شرکاء کو سرکاری امور میں شفافیت، میرٹ کی بالادستی اور عوامی وسائل کے درست استعمال کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔مقررین نے کہا کہ کرپشن ملکی ترقی، اداروں کی کارکردگی اور عوامی اعتماد کو متاثر کرتی ہے ۔ اس کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں میں دیانت داری، جوابدہی اور شفافیت یقینی بنانا ضروری ہے ۔ ہر شہری کو بھی بدعنوانی کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔سرگرمیوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غفران حسین ثاقب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میلسی شہزاد بشیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بوریوالا محمد سلیم، محکمہ کے افسران، ملازمین اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کرپشن کے خاتمے ، قانون کی پاسداری اور شفاف معاشرے کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments