نجی اسکول مادری زبان میں تعلیم یقینی بنائیں، وزیر تعلیم

نجی اسکول مادری زبان میں تعلیم یقینی بنائیں، وزیر تعلیم

سندھ میں 42لاکھ بچوں کو تعلیم کی فراہمی میں نجی اداروں کا کردار اہم ہےنجی اسکولوں کی رجسٹریشن کی مدت تین سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کا اعلان

کراچی (این این آئی)وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے نجی تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو مادری زبان میں تعلیم دینے کے معاملے پر سنجیدہ اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں، کیونکہ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا بچوں کا بنیادی حق ہے ۔ سندھ میں تقریباً 42 لاکھ بچوں کو تعلیم فراہم کرنے میں نجی تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ تعلیمی ذمہ داریوں میں اہم معاونت کررہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں اساتذہ کے عالمی دن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کے اشتراک سے کیا تھا۔

جس میں صوبے بھر سے نجی اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کی مدت میں اضافے کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ رجسٹریشن کی مدت تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کردی جائے گی۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مادری زبان کو نظرانداز کرنے کے نتیجے میں نئی نسل نہ غالب کے کلام سے واقف رہے گی اور نہ ہی شاہ عبداللطیف بھٹائی کی فکر اور شاعری سے اس کا تعلق برقرار رہ سکے گا۔ تعلیمی اداروں کو بچوں کی لسانی، ثقافتی اور تعلیمی ضروریات کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔تقریب سے محمد افضل انصاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ ملاح سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...